• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کارونجھر پہاڑ کی کٹائی، احتجاجی وکلا اور وزیر بلدیات میں مذاکرات کامیاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)تھرپارکر میں کارونجھر پہاڑ کی کٹائی کیخلاف کراچی میں احتجاج کرنیوالے وکلا اور صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، جس کے بعد وکلا کا وفد کمشنر ہاؤس سے واپس روانہ ہوگیا۔ کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر عامر نواز وڑائچ کی سربراہی میں وفد نے صوبائی وزیر سے ملاقات کی اور اپنا چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا۔ملاقات کے دوران ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وکلا کا احتجاج جائز ہے، ہماری جدوجہد بھی ایک ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینال اور پانی کا مسئلہ سب کا مشترکہ مسئلہ ہے اور چیئرمین کی ہدایت پر کینالز سے متعلق فیصلہ واپس لیا جاچکا ہے۔ صوبائی وزیر نے یقین دہانی کروائی کہ کارونجھر پہاڑ کے معاملے پر حکومت وکلا کے ساتھ ہے اور وہ اسمبلی میں ان کے مؤقف کی بھرپور نمائندگی کریں گے۔اس سے قبل کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے کارونجھر پہاڑ کی کٹائی کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے وزیراعلیٰ ہاؤس تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب بڑھنے پر پولیس نے وکلا کو روکنے کی کوشش کی جس پر پولیس اور وکلا کے درمیان دھکم پیل بھی ہوئی جب کہ متعدد وکلا کنٹینر پر چڑھ گئے۔صدر کراچی بار عامر وڑائچ نے کہا کہ تھرپارکر میں کارونجھر پہاڑ کی کٹائی سندھ کے مفادات کے خلاف ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جب تک حکومت پہاڑوں کی کٹائی کا فیصلہ واپس نہیں لیتی، احتجاج جاری رہے گا۔
اہم خبریں سے مزید