کراچی (محمد ندیم/ اخترعلی اختر) آرٹس کونسل کراچی کے ”ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025“ کےرنگوں میں شاندار اضافہ، 27ویں روز میوزک ورکشاپ، فلم اسکریننگ، فلمی نشست اور دو تھیٹر پلے پیش کئے گئے جن میں پیرزادہ سلمان کا ”جون اور میں“ کو پسند کیا گیا دوسرا تھیٹر پلے یوگنڈا کی جانب سے ”Kawaida Nzuri “ شامل تھا۔راحت فتح علی خان لائیو کنسرٹ 7دسمبر کو ہوگا۔ فیسٹیول کے 27ویں روز کا آغاز امریکہ کے موسیقار ” رضوان جگانی“ کی میوزک ورکشاپ سے کیا گیا جس میں احسن باری ، ارمان رحیم ،مزمل ،استاد محمود خان سمیت طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تربیتی ورکشاپ میں معروف موسیقار رضوان جگانی نے آلہ موسیقی( وائلا) کے ذریعے طلباءکو جدید تکنیک کے بارے میں بتایا۔ورکشاپ میں رضوان جگانی کے ہمراہ آرٹس کونسل میوزک اکیڈمی کے کاظم اور ثمرین نے بھی پرفارم کیا۔Francophone African Features کے نام سے فلم اسکریننگ میں موروکو، نیپال اور ایوری کوسٹ کی جانب سے تین مختصر فلمیں پیش کی گئیں۔ ایوری کوسٹ کی جانب سے فلم Amlan دکھائی گئی جس کے ڈائریکٹر OHOUOT ASSI GILBERT PHILIPPEتھے ،موروکو نے فلم Wound of the Pastپیش کی جس کے ڈائریکٹر Ziyad Chejai تھے ، جبکہ تیسری فلم نیپال کی جانب سے Seige in the airپیش کی گئی۔ پیرزادہ سلمان نے تھیٹر پلے ” جون اور میں“ پیش کیا جو اردو کے عظیم شاعر جون ایلیا کی پراسرار شخصیت کے بارے میں تھا۔ہال میں بیٹھے لوگوں نے تھیٹر کی مختصر اور بھرپور کہانی کو بے حد پسند کیا اور تالیاں بجاکر خوب داد دی۔