کراچی (نیوز ڈیسک) جرمنی کی ایک عدالت نے فیصلہ دیا ہے کہ فلسطین کے حامی مظاہرین کو اسرائیل کے حق وجود پر سوال اٹھانے کی قانونی اجازت ہے، عدالت نے اس سے متعلق پولیس کی پابندی کو کالعدم قرار دے دیا، اسرائیل کے قیام پر تنقیدی بحث بنیادی طور پر آزادی اظہار کے ذریعے محفوظ ہے،۔ مونسٹر میں ہائر ایڈمنسٹریٹو کورٹ نے کہا کہ ڈسلڈورف پولیس کو گزشتہ ہفتے کے آخر میں احتجاج کے منتظمین کو اجتماع کے دوران اسرائیل کے حق وجود کو مسترد کرنے سے نہیں روکنا چاہیے تھا۔ عدالت نے کہا کہ اسرائیل کے حق وجود کی تردید اپنے آپ میں کوئی مجرمانہ فعل نہیں ہے۔