اسلام آباد (فاروق اقدس /ایجنسیاں) سبکدوش ہونے والے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزانے اس بات پر زور دیا ہے کہ موجودہ جیو اسٹریٹجک ماحول میں مضبوط قومی دفاع، قومی سلامتی کا بنیادی ستون ہے‘ قوم کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔جنرل ساحر شمشاد مرزا کے اعزاز میں جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ آئین میں ہونے والی 27ویں ترمیم کے بعد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے عہدے کو ختم کر دیا گیا‘ جنرل ساحر شمشاد مرزا اپنے منصب کی مدت مکمل کرنے کے بعد آج 27 نومبر 2025ءکوریٹائر ہو جائیں گے۔جنرل ساحر شمشاد مرزا مسلح افواج کے 18ویں اور آخری چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ہوں گے ۔ان کے بعد کوئی چیئرمین چیفس آف اسٹاف کمیٹی نامزد نہیں کیا جائے گا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم ہونے پر فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر چیف آف ڈیفنس فورسز کا عہدہ سنبھالیں گے۔ بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان کے مطابق جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں سبکدوش ہونے والے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزاکو ان کی 40 سالہ شاندار عسکری خدمات کے اعتراف میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔