• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی بحرین کے بادشاہ سے ملاقات، اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر)پاکستان اور بحرین نے سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی شعبوں سمیت دو طرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے دیرینہ دفاعی شراکت داری کی اہمیت کا اعادہ کیا ہے جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے۔کہ پاکستان جی سی سی آزاد تجارتی معاہدے، جو کہ اپنے حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے، کے ساتھ دو طرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے کے لئے تیار ہے ‘ تین سالوں میں باہمی تجارت کو ایک ارب ڈالر تک بڑھایاجائےگا۔ شہباز شریف نے گزشتہ روز منامہ میں بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران بحرین کے بادشاہ نے وزیراعظم کو آرڈر آف بحرین (فرسٹ کلاس) پیش کیا جو کہ بحرین کی جانب سے عالمی سربراہان کو پیش کیے جانے والا سب سے بڑا اعزاز ہے۔ ملاقات میں بحرین کے بادشاہ نے شہباز شریف کو بتایا کہ بحرین کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے بحرین کی قانونی نمائندگی کی۔ہمارے ریکارڈمیں موجود دستاویزات کے مطابق محمد علی جناح بحرین کے وکیل رہے۔شہبازشریف نے بحرینی سرمایہ کاروں کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے ذریعے پاکستان میں مختلف شعبوں بالخصوص غذائی تحفظ، آئی ٹی، تعمیرات، کان کنی، سیاحت اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔دونوں رہنماؤں نے دیرینہ دفاعی شراکت داری کی اہمیت کا اعادہ کیا اور تکنیکی تربیت، لاجسٹکس، افرادی قوت اور دفاعی پیداوار میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ملاقات کے اختتام پر بحرین کے بادشاہ نے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے بحرینی سرمایہ کاروں کو غذائی تحفظ، آئی ٹی، تعمیرات، کان کنی و معدنیات، صحت، قابل تجدید توانائی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ دوطرفہ تجارت کا حجم 550 ملین امریکی ڈالر سے بڑھا کر تین سالوں کے اندر 1 ارب امریکی ڈالر تک بڑھایا جائے گا۔

اہم خبریں سے مزید