کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک “ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو پروموٹ کرنے والوں کا احتساب ہونا چاہئے۔ تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا کہ نواز شریف کا مطالبہ اچھا ہے کہ بانی کو اقتدار میں لانے والوں کا احتساب ہونا چاہئے مگر نوازشریف کا بھی احتساب ہونا چاہئے کہ انہیں اور اُن کی پارٹی کو اقتدار میں کون لایا تھا۔ جمعیت علمائے اسلام سینیٹر کامران مرتضی نے کہا کہ جنرل فیض کے بعد جنرل باجوہ کا بھی احتساب ہوگا۔ پروگرام میں تجزیہ دیتے ہوئے میزبان حامد میر نے کہا کہ نواز شریف نے اپنی خاموشی توڑ دی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ جو لوگ عمران خان کو لائے تھے ان کا بھی حساب ہونا چاہئے جبکہ شہباز شریف پہلے ہی یہ بتا چکے ہیں کہ جولائی 2018 میں انہیں یہ کہا گیا تھا کہ اگر نوازشریف کا ساتھ چھوڑ دیں تو ہم آپ کو وزیراعظم بنا دیں گے جب شہباز شریف نے انکار کر دیا تو جنرل باجوہ نے عمران خان کو وزیراعظم بنایا۔