• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ نے 30 سال میں کافی ترقی کرلی، لوگ بیرون ملک نہ جائیں، مراد شاہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر/این این آئی) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گزشتہ 30برس میں ہم نے کافی ترقی کی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے صوبے کے اہل لوگ ملک سے باہر نہ جائیں۔ ہمارے اہل لوگ ملک سے باہر جا کر کام کرنا چاہتے ہیں، ہم اپنے لوگوں کو ملک میں وہی سہولتیں فراہم کرنا چاہتے ہیں جو انہیں باہر ملتی ہیں، حکومت سندھ بہتر تعلیم اور بہتر صحت کی سہولتیں بڑھانا چاہتی ہے۔ مقامی ہوٹل میں سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے سیمینار سے خطاب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ صحت کے شعبے میں سندھ نے کافی کام کئے ہیں، ہم صحت کے شعبے کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ سندھ حکومت سندھ ہائر ایجوکیشن کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔مراد علی شاہ نے صحت کے شعبے کی مزید بہتری کے لئے ٹھوس پالیسیوں، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور ہنرمند پیشہ ور افراد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے سندھ ایچ ای سی میںڈائریکٹوریٹ آف اسٹریٹجک پلاننگ کے قیام اور مختلف موضوعاتی تھنک ٹینکس بنانے کے اقدام کو سراہا جو صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں پالیسی اصلاحات کے لئے عملی سفارشات تیار کریں گے۔قبل ازیں وزیراعلی سندھ کی آمد پر چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر طارق رفیع، ڈاکٹر سروش لودھی، سیکریٹری ہائر ایجوکیشن کمیشن معین خان اور دیگر نے انکا استقبال کیا۔دریں اثنا میڈیا سے گفتگو میں مراد علی شاہ نے کہا کہ احتجاج اور سڑکیں بند کرکے عوام کو تنگ کرنا مناسب نہیں، میرے والد بھی وکیل تھے وکلا کا احترام کرتا ہوں۔کوئی خفیہ ترمیم نہیں ہوگی۔ ہر چیز عوام کے سامنے کھلے انداز میں آئے گی، اگرچہ مشاورت ہوئی ہے لیکن 27ویں ترمیم کا مسوّدہ ابھی تک باضابطہ طور پر انہیں موصول نہیں ہوا۔ ہم پر کوئی دباؤ نہیں۔ ہم متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ساتھ مل کر قانون کو بہتر بنائیں گے،کارونجھر پہاڑیوں کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے اسے صوبے کا ثقافتی اور ماحولیاتی اثاثہ قرار دیا۔
اہم خبریں سے مزید