لاہور(آصف محمود بٹ)برطانوی رکن پارلیمنٹ اور ہائوس آف کامنز کے آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ کی پاکستان کمیٹی کی چیئرپرسن بیرسٹر یاسمین قریشی نے کہا ہے کہ آج کی طالبات پاکستان کا روشن مستقبل ہیں ۔ انہیں آگے بڑھنے اور ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا۔ پاکستان میں وومن ایمپاورمنٹ میں بہتری دیکھ کر دلی خوشی محسوس ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاریخی کنئیرڈ کالج فار وومن کے نادرہ حسن سکول آف لاء میں اپنے اعزاز میں منعقدہ پروگرام کے موقع پر طالبات سے خطاب کے دوران کیا۔ برطانیہ کے شہر بولٹن سے منتخب رکن پارلیمنٹ اور اقوام متحدہ مشن کوسووو کی سابق سینئیر لیگل آفیسر بیرسٹر یاسمین قریشی نے طالبات سے خطاب میں کہا کہ آپ نے ہمیشہ سچ اور اصولوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔ یاسمین قریشی نے کہا کہ سچ کے ساتھ کھڑے ہونے میں آپ کو بہت تکلیفوں کا سامنا بھی کرنا پڑے گا لیکن آپ نے ثابت قدم رہنا ہے۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ پاکستانی خواتین کی ترقی کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔ اگر اس ترقی کا کوئی راستہ روک سکتا ہے تو وہ خود خواتین ہیں ۔ پنجاب کے شہر گجرات میں پیدا ہونے والی ہائوس آف کامنز کے آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ کی پاکستان کمیٹی کی چئیرپرسن یاسمین قریشی نےطالبات کو اپنی زندگی کے احوال بتاتے ہوئے کہا کہ وہ جب بچپن میں برطانیہ آئیں تو انہیں کلچر ، سوسائٹی ، موسم اور ماحول سب کچھ مختلف لگا۔ برطانیہ کی حکمران جماعت لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والی بیرسٹر یاسمین قریشی نے بتایا کہ سیاست میں انہوں نے اصولوں کی خاطر بڑے عہدے اور مرتبے قربان کئے لیکن ان انہیں اصولوں پر کھڑے رہنے پر آج بھی فخر ہے۔