وائٹ ہاؤس سے چند بلاکس کے فاصلے پر دن دہاڑے فائرنگ کے واقعے میں امریکی نیشنل گارڈ کے 2 اہلکار شدید زخمی ہوگئے، واقعے پر ردِعمل دیتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حملہ آور کو جانور قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے قیمت چکانی پڑے گی۔
بدھ کے روز واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس سے چند بلاکس کے فاصلے پر دن دہاڑے فائرنگ سے نیشنل گارڈ کے 2 اہلکار شدید زخمی ہوگئے جن کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس واقعے کے بعد نیشنل گارڈ کے دستے کی حمایت کرتے ہوئے نیشنل گارڈ کے 500 اضافی اہلکاروں کی تعیناتی کا حکم دے دیا۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے حملہ آور کو ’جانور‘ قرار دیا اور کہا کہ اسے بہت بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی۔
امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ جانور جس نے دونوں نیشنل گارڈز پر فائرنگ کی اسے بہت بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی۔
انہوں نے نیشنل گارڈز کی حالت بتاتے ہوئے لکھا کہ دونوں گارڈز شدید زخمی ہیں اور دونوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ خدا ہمارے عظیم نیشنل گارڈز اور ہمارے تمام فوجیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سلامت رکھے۔ یہ واقعی عظیم لوگ ہیں۔ میں امریکی صدر کی حیثیت سے دفترِ صدارت سے وابستہ ہر شخص کے ساتھ ہوں۔
ادھر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی فائرنگ پر افسوس کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ہم سب اپنے بہادر محافظوں پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں گہرے صدمے میں ہیں۔ وہ دنیا بھر میں سب سے بہترین ہیں، ان کی موجودگی ہماری خوش قسمتی ہے اور آج کا دن اس بات کی سفاکانہ یاد دہانی ہے جو ہم ان سے ہر روز کرنے کو کہتے ہیں۔