• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سہ فریقی سیریز، پاکستان کو شکست، سری لنکا فائنل میں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کپتان سلمان آغا نےففٹی تو بنائی لیکن میچ فنش نہ کرسکے۔ تین ملکی کرکٹ میں سری لنکا نے پاکستان کو چھ رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی ۔ پاکستان نے سات وکٹ پر178رنز بنائے۔سلمان آغا44 گیندوں پر63رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے انہوں نے تین چھکے اورچار چوکے مارے۔ فاسٹ بولر دشمنتھا چمیرا نے آخری اوور میں تین رنز دیے، جبکہ20 رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے۔ پاکستان کوآخری دو اوورز میں 22 اور 20 ویں اوور میں 10 رنز کی ضرورت تھی۔ جب پاکستان جیت سے16رنز دور تھا محمد نواز کیچ ہوگئے۔ انہوں نے16گیندوں پر27رنز بنائے۔ 20 ویں اوور کی پانچویں گیند پر فہیم اشرف سات رنز بناکر چمیرا کا چوتھا شکاربنے۔ آخری گیند پر سات رنز کی ضرورت تھی۔ صاحبزادہ فرحان9 ، بابر اعظم صفر ،صائم 27، فخر زمان ایک رن بناسکے۔ پاور پلے میں پاکستان نے45 رنز پر چار وکٹ گنوادیئے۔ سلمان آغا اور عثمان خان نے پانچویں وکٹ پر56رنز42 گیندوں پر بنائے۔ عثمان خان نے23گیندوں پر33 رنز دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے بنائے۔ قبل ازیں جمعرات کی شب راولپنڈی میں سری لنکا نے 5 وکٹ پر 184 رنز بنائے۔ کامل میشارا نے 48 گیندوں پر 76 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہوں نے تین چھکے اور چھ چوکے مارے۔ کوشال مینڈس نے 40 رنز 29 گیندوں پر ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے بنائے۔ جنیتھ لیالانگے 24 اور کپتان داسن شناکا 17 رنز ناٹ آوٹ رہے۔ اسپنر ابرار احمد نے 28 رنز کے عوض 2 وکٹ لیے۔
اسپورٹس سے مزید