اسلام آباد(ایجنسیاں)سینیٹ میں تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پرشدیداحتجاج اور شورشرابہ کیا، ڈیسک بجائے اور شدیدنعرے بازی کی جبکہ وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہاہے کہ عمران خان پاکستانی تاریخ کے سب سے وی آئی پی قیدی ہیں‘ انہیں ہر سہولت دی جاتی ہے جس میں دیسی مرغی، 6 بڑی بیرکس ، ایکسر سائزمشینوںکے علاوہ ان کا اپنا کک‘ ٹی وی اور ایک فزیو بھی ہے۔ادھرقومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کاکہناتھاکہ ضمنی انتخاب کا بائیکاٹ کرنے والوں کواس پر تنقید کا کوئی حق نہیں‘پی ٹی آئی کے قول و فعل میں تضاد ہے‘یہ اپنی سیاسی غلطیاں چھپانے کے لئے الزام لگاتے ہیں‘جب عدالتیں ان سے ثبوت مانگتی ہیں تو یہ تاریخیں مانگتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے عمران خان سے ملاقات نہ کرانے کا معاملہ سینیٹ میں اٹھادیا۔ پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ بتایا جائے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کب کرائی جائیگی؟ جواب میں طلال چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پاکستان کی تاریخ کے سب سے وی آئی پی قیدی ہیں ، بانی پی ٹی آئی کے پاس 6بڑی بیرکس ہیں ، ملک میں کسی قیدی کے پاس باورچی اور ایکسرسائز مشینیں نہیں ہیں۔یہ ڈرامہ لگانے کیلئے جیل کے سامنے بیٹھ جاتے ہیں، ضمنی انتخاب ہار گئے ، پرفارمنس کچھ نہیں ہے۔