کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام اور نیا ناظم آباد کے تعاون سے پی سی بی انٹر اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ شروع ہوگیا۔ ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ پی سی بی عبداللہ خرم نیازی نے ایونٹ کا باضابطہ افتتاح کیا۔ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کا معیار بہتر بنانے کے لئے اسکول کرکٹ کا انعقاد ضروری ہے ۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹاسک دیا کہ اسکول اور کالج کرکٹ پر کام کرنا ہے ۔ چیئرمین محسن نقوی کے وژن پر کام کر رہے ہیں ۔ کراچی، لاہور سمیت دیگر شہروں میں انٹر اسکول کروارہے ہیں ۔ شہروں کے بعد نیشنل ٹورنامنٹ ہوگا۔ فاتح ٹیم کو انگلینڈ کا دورہ کرایا جائے گا ۔ ریجنل اکیڈمیز پر بھی کام ہو رہا ہے بہترین کرکٹرز کی صلاحیتوں کو مزید نکھاریں گے۔نیا ناظم آباد جمخانہ کے صدر سید محمد طلحہ کا کہنا تھا کہ ایونٹ کی انعامی رقم بیس لاکھ روپے رکھی گئی ہے ۔ میچز نیا ناظم آباد ، انو بھائی پارک ، ٹی ایم سی گراؤنڈ ، اصغر علی شاہ اسٹیڈیم اور بیت السلام کورنگی میں رکھے گئے ہیں ۔سابق کرکٹر عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ اسکول کرکٹ نرسری ہے یہاں سے ہمیں بہترین ٹیلنٹ ملے گا ۔ نوجوان اس شاندار موقع سے فائدہ اٹھائیں ۔ اس موقع پر ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی۔ تقریب میں سابق کرکٹر جلال الدین ، ہمایوں فرحت، ذوالفقار بابر ودیگر نے شرکت کی۔