راولپنڈی، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار) جڑواں شہروں میں گن پوائنٹ پر ڈکیتیوں کی تعداد بڑھ گئیں۔ شہری 21موٹر سائیکلوں سے محروم ہوگئے،موبائل فونز ، لاکھوں کی نقدی اور قیمتی اشیاء لوٹ لی ،گھروں کے تالے ٹوٹ گئے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے شہری ڈکیتی، سرقہ باالجبر ،چوری اور راہ زنی کی 45 وارداتوں میں 16موٹر سائیکلوں، طلائی زیورات، موبائل فونز،نقدی ،مویشیوں اور دیگر اشیاء سے محروم ہو گئے، تھانہ نیوٹاؤن کے علاقہ نواز شریف پارک کے قریب 2موٹرسائیکل سوارمحمد رضوان سے موبائل اور پرس چھین کرلے گئے جس میں ساڑھے چار ہزار روپے،شناختی کارڈ ،اے ٹی ایم کارڈ اور دیگر کارڈز تھے، تھانہ صادق آباد کے علاقہ مسلم ٹاؤن میں 2موٹرسائیکل سوار افضال احمد سے اسلحہ کی نوک پر موبائل، 18ہزار روپے و ضروری کاغذات، تھانہ آراے بازار کے علاقہ آراے بازارمیں 2نامعلوم ملزمان جاوید اقبال سے گن پوائنٹ پر اڑھائی لاکھ روپے ،تھانہ نصیرآباد کے علاقہ ڈھوک ساد امیں 2نامعلوم ملزمان بائیکیا والے آصف نعیم سے اسلحہ کی نوک پر اس کا موٹر سائیکل، 4 ہزار روپے ،موبائل اور شناختی کارڈ وغیرہ، تھانہ واہ کینٹ کے علاقہ عزت علی شاہ مارکیٹ میں محمد سلیمان کی دکان سے 3نقاب پوش موٹرسائیکل سوار اسلحہ کی نوک پر18 موبائل فون چھین کرفرار ہوگئے ، آہدی میں آفتاب عرب کے چچازاد بھا ئیوں کے گھر سے تالے توڑ کر طلائی زیورات ما لیتی 35لاکھ روپے اورنقدی ایک لاکھ 30ہزار روپے، چک بیلی موڑ کے قریب لال بت خان کی 3گائیں اور 2بکریاں چوری کرلی گئیں۔ ادھرشہر اقتدار میں درجنوں پولیس ناکوں کے باوجود ایک موٹر سائیکل اسلحہ کی نوک پر جبکہ 5 موٹر سائیکل چوری کے مقدمات نے سیکورٹی پر سوال اٹھا دیئے ہیں، تھانہ کراچی کمپنی میں موٹر سائیکل چھیننے جبکہ تھانہ مارگلہ، تھانہ گولڑہ، تھانہ ترنول، تھانہ انڈسٹریل ایریا اور تھانہ ہمک میں موٹر سائیکل چوری کے مقدمات درج کروائے گئے۔