اسلام آباد ( رانا غلام قادر ) وزارتِ مذہبی امور نےحج 2026 کے میڈیکل مشن کیلئے در خواستیں طلب کرلیں، حج مشن میں درخواست جمع کروانے کا آج آخری دن ہے۔میڈیکل مشن کیلئے 98ڈاکٹرز ،فارماسسٹس ،196پیرا میڈیکس کو این ٹی ایس کے ٹیسٹ کے ذ ریعے منتخب کیا جا ئے گا۔تفصیلات کے وزارتِ مذہبی امور نے مطابق عازمینِ حج کی سہولت کیلئے طبی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، منتخب ڈاکٹرز اور معاون عملہ حج 2026کے دوران سعودی عرب میں حاجیوں کو طبی سہولیات فراہم کریں گے۔حج میڈ یکل مشن میں تعیناتی کیلئے وفاقی اور صو بائی حکومتوں ‘ گلگت بلتستان اور آ زاد کشمیر کے محکمہ صحت اور ہسپتالوں میں گریڈ18تک کام کرنے والے ریگولر سر کاری سول سرونٹس ڈاکٹرز‘ پبلک ہیلتھ سپیشلسٹس ‘ فارما سسٹس اور پیرا میڈیکس سے درخواستیں طلب کرلی ہیں ۔ امیدواروں کی کم سے کم عمر 25 اور زیادہ سے زیادہ حد 55 برس مقرر کی گئی ، جبکہ دل، شوگر اور ہائی بلڈ پریشر کے مریض اہل نہیں ہوں گے۔ امیدواروں کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا فٹنس سرٹیفکیٹ جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ، میڈیکل حج مشن کیلئے کم از کم تین سال سرکاری ملازمت کا تجربہ شرط ہے، جبکہ ریٹائرڈ اہلکار نااہل قرار دیے گئے ، حاضر سروس ہونا لازمی ہےمیڈیکل مشن کی تعیناتی وفاقی حکومت کی پالیسی کے تحت کی جائے گی اور 30 فیصد کوٹہ خواتین میڈیکل اسٹاف کیلئے مختص ہے۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ سعودی قوانین کی خلاف ورزی یا نظم و نسق متاثر کرنے والے افراد کو فوری طور پر واپس بھیج دیا جائے گا۔