کراچی(نیوز ڈیسک) زرعی شعبہ ، قومی استحکام ،غذائی تحفظ اور باوقار ترقی کی بنیاد ہے، سلطان علی الانہ ، ’’بینکاری سے آگے تبدیلی کی کاشت‘‘کو محض نعرہ نہیں بلکہ قومی تحریک بننا چاہئے، ،ایچ بی ایل کے چیئرمین سلطان علی الانہ نے کہا ہے کہ زرعی شعبہ محض ایک معاشی سیکٹر نہیں بلکہ ہماری قومی استحکام، غذائی تحفظ اور باوقار ترقی کی بنیاد ہے،اگر ہم زراعت کو درست سمت میں لے آئیں تو ہم نہ صرف پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کو محفوظ بناتے ہیں بلکہ اس پر ایک زیادہ مضبوط اور خوشحال پاکستان بھی تعمیر کر سکتے ہیں۔پاکستان بزنس کونسل کے دو روزہ ڈائیلاگ آن دی اکانومی 2025 کے چوتھے ایڈیشن میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بینکاری سے آگے تبدیلی کی کاشت محض ایک نعرہ نہیں ہونا چاہیے، اسے ایک حکمتِ عملی، ایک قومی تحریک بننا چاہیے جو پاکستان کو زرعی پالیسی، سرکاری و نجی سرمایہ کاری اور کمیونٹی کی کوششوں کو زیادہ پیداوار، اسمارٹ فارمنگ، پانی کے تحفظ اور طویل مدتی غذائی سلامتی کے حصول کی سمت ہم آہنگ کرنے کا عزم دے۔ایچ بی ایل گروپ کی زرعی شعبے سے متعلق مختلف پہل کاریوں کے ذریعے بینک اس وژن کو عملی جامہ پہنا رہا ہے، جس کے تحت کسانوں کو ایگرونومی، مکینائزیشن، ویئر ہاؤسنگ، مشاورت اور زرعی ویلیو چین کے تمام مراحل پر مارکیٹوں سے جوڑا جا رہا ہے۔