لاہور(اپنے نامہ نگار سے) گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کو شکست دے کر دنیا میں پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کیا۔ تعلیمی اداروں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء کردار سازی بھی ناگزیر ہے۔یہ بات اُنہوں نے نجی کیڈٹ کالج اسلام آباد کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر کیڈٹس نے پریڈ کے دوران گورنر پنجاب کو سلامی پیش کی۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ تعلیمی شعبے کی ترقی اور فروغ میںنجی تعلیمی اداروں کا کردار قابل تحسین ہے۔اُنہوں نے کہا کہ تعلیم کا حصول ہر بچے کا بنیادی حق اور ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں یکساں تعلیم کے فروغ کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔ اُنہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ نوجوان نسل کے خوشحال مستقبل کے لئے زیادہ سے زیادہ وسائل تعلیمی سہولیات پر خرچ کئے جائیں۔