• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی گیمز، دلکش تقریب نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو اپنے سحر میں جکڑلیا، بلاول بھٹو نے افتتاح کیا ارشد ندیم نے مشعل روشن کی

کراچی( نصر اقبال،اسٹاف رپورٹر) 35ویں قومی گیمز کی دل فریب ور شان دار تقریب نے کھیلوں کی رونق دوبالا کردی، ہفتے کو نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والی دلکش تقریب نے ملک بھر سے آئے ہوئے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو اپنے سحر میں جکڑ لیا،اسٹیڈیم مسلسل پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج رہا تھا،پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گیمز کے آغاز کا اعلان کیا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیرِ اعلیٰ سندھ نیشنل اسٹیڈیم پہنچے، جہاں وزیرِ کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر اور شرجیل میمن نے بلاول بھٹو کا استقبال کیا۔مہمان خصوصی نے پاکستان بھر سے آئے ہوئے مہمانوں کو خوش آمدید کہا، قومی گیمز کے آغاز کے موقع پر نیشنل اسٹیڈیم میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ، تماشائیوں کی بڑی تعداد نے اس تقریب کا اسٹیڈیم میں براہ راست نظارہ کیا، مزار قائد سے گیمز کی مشعل کو اسٹیڈیم لایا گیا جو مختلف نامور کھلاڑیوں،ہاکی لیجنڈ اصلاح الدین، قمر ابراہیم، سمیر حسین،خاتون ایتھلیٹ نسیم حمید اور دیگر کھلاڑیوں کے ہاتھوں سے اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے پاس پہنچی ،تمام مشعل بردار نے وی آئی پی انکلوژر میں موجود مہمان خصوصی بلاول بھٹو زرداری کے سامنے ٹارچ کو فضا میں بلندکیا، بعد میں ارشد ندیم نے مشعل کو روشن کیا، کراچی کے 24 مقامات پر 32 کھیلوں کے مقابلوں میں 11 ہزار کھلاڑی اور آفیشلز حصہ لے رہے ہیں،تقریب کا آغاز ز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا،ٹیموں کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا،مہمان خصوصی نے گیمز میں شریک دستوں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے مارچ پاسٹ کے بعد سلامی لی،سندھ کے نوجوان ایتھلیٹ محمد زبیر منیر اور ماہ نور فاطمہ نے کھلاڑیوں کی جانب سے حلف لیا۔سندھ کی ثقافت پیش کی گئی، سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے ہزاروں طلبہ و طالبات مختلف انکلوژر میں موجود تھے۔ خصوصی افراد کے لیے بھی ایک الگ انکلوژر بنایا گیا تھا۔تقریب میں مختلف نمائشی کھیلوں کے مقابلے پیش کیے گئے جسمانی مہارتوں کا مظاہرہ کیا گیا۔لیزر لائٹ شو کا بھی اہتمام کیا گیا، میوزیکل کنسرٹ میں نامور گلوکار حزیقہ کیانی اور علی ظفر نے اپنے شاندار فن کا مظاہرہ کیا دیگر فن کاروں نے آواز کے جادو جگائے،ہو جمالوں کی دھن پر پورا اسٹیڈیم جھوم اٹھا،انٹرنیشنل تائی کوانڈو ماسٹر نجم خان کی اکیڈمی کے بچوں نے تائی کوانڈو کو مظاہرہ کیا۔جبکہ دن کی روشنی میں آتش بازی کا شاندار اور جان دار مظاہرہ بھی کیاگیا۔