کراچی (نیوز ڈیسک)قطری وزیراعظم شیخ محمد کا کہنا ہےغزہ میں جنگ بندی ابھی مکمل نہیں، اسرائیلی افواج کا مکمل انخلا اور استحکام ضروری، مذاکرات انتہائی نازک مرحلے میں داخل ہوگئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دوحہ فورم 2025 کے اجلاس کے موقع پر کیا۔عرب میڈیا کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ میں دوحہ فورم 2025 کا آغاز ہوگیا ہے، جس میں عالمی رہنماؤں سمیت150 سے زائدممالک کے 6ہزار مندوبین شریک ہیں۔ اس سال فورم کا بنیادی عنوان ’’Justice in Action: Beyond Promises to Progress‘‘ رکھا گیا ہے، جس کا مقصد عالمی تنازعات، انسانی حقوق، انصاف اور اقتصادی ترقی کے سلسلے میں عملی اقدامات پر زور دینا ہے۔افتتاحی روز قطری وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی ’’نسلی کشی پر مبنی جنگ‘‘ کے حوالے سے جاری مذاکرات ایک ’’انتہائی اہم اور نازک مرحلے‘‘ میں پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کہا کہ موجودہ صورت حال کو ’’مکمل جنگ بندی‘‘ نہیں کہا جا سکتا ،جب تک اسرائیلی افواج کا مکمل انخلا اور غزہ میں استحکام بحال نہیں ہو جاتا۔فورم میں شام اور گھانا کے صدور، قطر اور لبنان کے وزرائے اعظم اور ترکی کے وزیر خارجہ سمیت متعدد عالمی رہنما شریک ہیں۔