• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیلڈ مارشل کیخلاف پروپیگنڈا ملکی سلامتی کیلئے خطرہ، پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی

راولپنڈی (خبر نگار) پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاکستان کی مسلح افواج کے خلاف بڑھتی ہوئی منظم پروپیگنڈا مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ملکی سلامتی اور قومی یکجہتی کیلئے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔ صدر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم نے کہا کہ ایسے تمام عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے،بعض پی ٹی آئی رہنما اور روگ عناصر بھارتی پروپیگنڈا کو تقویت دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر پیس، سابق سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم نے راولپنڈی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس ایڈمرل (ر) عبدالعلیم، کموڈور (ر) ارشد محمود خان، بریگیڈئیر (ر) طارق محمود، بریگیڈئیر (ر) آصف ہارون، چیف آرگنائزر پیس عزیز احمد اعوان اور آفس سیکرٹری خالد محمود قاضی بھی موجود تھے۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ پاکستان اس وقت ہائبرڈ وار کا سامنا کر رہا ہے، جس کے تحت دشمن عناصر افغان سرزمین کو استعمال کر کے دہشت گرد حملے کروا رہے ہیں، بھارتی ایجنسیاں گمنام دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی کر رہی ہیں جبکہ انہیں افغان طالبان کی سرپرستی بھی حاصل ہے۔

اہم خبریں سے مزید