لندن (جنگ نیوز) ایشز کے ابتدائی دو ٹیسٹ میں انگلینڈ کی بدترین ناکامی کے بعد ہیڈ کوچ میک کولم شدید دباؤ میں آگئے ہیں، جبکہ ماہرین اور سابق کھلاڑیوں نے ٹیم کی کارکردگی کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے ان کی کوچنگ پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔ میک کولم نے حالیہ بیان میں ناکامی کی وجہ کھلاڑیوں کی ’’زیادہ تیاری‘‘ کو قرار دیا تھا، جس پر کرکٹ ماہرین نے طنزیہ ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کی تکنیکی غلطیاں اور فیصلہ کن لمحات میں کمزوری اصل مسئلہ ہیں۔ بیٹنگ مسلسل دباؤ میں ٹوٹ رہی ہے، بولرز اہم مواقع پر وکٹیں نہیں لے پا رہے۔ مستقل مزاجی کا فقدان، حکمتِ عملی کی کمی اور میک کولم کا غیر روایتی انداز اب ٹیم کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہا ہے۔ مسلسل دو ٹیسٹ میں شکست نے ان کی پوزیشن مزید کمزور کردی ہے، اور اگر حالات نہ بدلے تو انگلش بورڈ ان کے مستقبل پر سخت فیصلہ کر سکتا ہے۔