پشاور(جنگ نیوز)رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ اور اسکے پلیٹینیم پارٹنر یو بی ایل امین کی جانب سے رحمان کالج آف ڈینٹسٹری میں ٹیڈیکس کی پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ایونٹ کا مقصد نوجوانوں کو مثبت سوچ، جدت، تخلیقی صلاحیت اور عملی جدوجہد کی اہمیت سے روشناس کرانا تھا۔ تقریب میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، درید قریشی، ڈاکٹر عادل حیدر، عادل خٹک، پروفیسر ڈاکٹر پرویز عامر علی، احمد عزیر اور ان کی اہلیہ انم عزیر سمیت نامور مقررین نے شرکت کی۔تقریب میں مختلف اہم اور عصری موضوعات پر گفتگو کی گئی، جن میں گورننس اور عوامی اعتماد کی بحالی، عالمی سطح پر دولت و طاقت کی عدم مساوات، مصنوعی ذہانت کے ذریعے صحت عامہ میں بہتری، قومی بیانیے اور ثقافت کی تشکیل میں کہانی گوئی کا کردار، انسان دوستی پر مبنی قائدانہ صلاحیتیں، مؤثر ادارہ سازی، اور خوف و ناکامی پر قابو پا کر آگے بڑھنے جیسے موضوعات شامل تھے۔مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نوجوان نسل بے پناہ صلاحیت رکھتی ہے اور ایسے پلیٹ فارمز نوجوانوں کی رہنمائی، حوصلہ افزائی اور مثبت سمت کے تعین میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے سی ای او شفیق الرحمن نے کہا کہ جب ہم مستقبل کی بات کرتے ہیں تو دراصل اس ممکنہ پاکستان کی بات کرتے ہیں جو اب بھی تعمیر ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان قابلِ حصول ہے جہاں صحت، تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی مل کر پوری کمیونٹیز کو مضبوط کریں اور لوگوں کی اصل صلاحیت کو ابھرنے کا موقع دیں۔ انہوں نے کہا کہ آج اس اسٹیج پر پیش کیے گئے خیالات محض خواب نہیں بلکہ حقیقت بننے کے قریب ہیں۔تقریب کے اختتام پر چیئرمین آر ایم آئی، ڈاکٹر محمد رحمان اور چیئرمین ٹیڈیکس آرایم آئی ڈاکٹر عمیر ودود نے تمام مقررین میں اعزازی شیلڈز تقسیم کیں۔