اسلام آباد (نیوز رپورٹر، اے پی پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گوادر پورٹ سٹی میں بجلی کی فراہمی میں درپیش مسائل کے حل کیلئے جامع منصوبہ پر فوری عملدرآمد کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ 100میگا واٹ سولر پراجیکٹ سے گلگت بلتستان میں ماحولیاتی اعتبار سے صاف بجلی کی بلا تعطل اور مستحکم فراہمی کو یقینی بنایا جائے، گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور معاشی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، گوادر پورٹ سٹی کو بلا تعطل، مناسب قیمت اور قابل بھروسہ بجلی کی فراہمی کے منصوبوں پر تمام متعلقہ ادارے ہم آہنگی سے کام کریں۔وزیراعظم شہباز شریف نے یہ ہدایت بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیربجلی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور دیگر متعلقہ سرکاری عہدیداران نے شرکت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان میں صنعتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ، بجلی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے احسن اقبال کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی اور وزرات توانائی کی سفارشات اور اقدامات قابل تحسین ہیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تیار کردہ جامع حکمت عملی میں شامل فوری، قلیل مدتی اور طویل مدتی پراجیکٹس پر وزارت توانائی موثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، گوادر میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی، ملکی معاشی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری میں ترقی کو یقینی طور پر بڑھانے کا سبب بنے گی۔