اسلام آباد/راولپنڈی (طاہرخلیل/این این آئی) چیف آف آرمی اسٹاف وچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیرسے انڈونیشیا کے صدر پروابووسوبیانتو نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سکیورٹی پر گفتگو کی گئی جبکہ دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا‘ علاوہ ازیں ایوان صدر میں صدرپرابووو سوبیانتو کے اعزاز میں شاندار اور پروقار خصوصی تقریب منعقد ہوئی جہاں انہیں پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز نشانِ پاکستان عطا کیا گیا۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف‘چیئرمین سینیٹ ‘اسپیکر قومی اسمبلی اور اعلیٰ عسکری قیادت سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔صدرِ زرداری اورصدرپرابووو سوبیانتو کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تاریخی دوستی اور مشترکہ اقدار پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے دیرینہ خیرسگالی، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ۔