• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سڑکوں پرہیوی ٹریفک کا خونی کھیل جاری، طالب علم، خاتون اور بچہ جاں بحق، حکومت خاموش تماشائی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں ہیوی ٹریفک کی ٹکر سے شہریوں کی ہلاکت کا سلسلہ جاری ہے جبکہ حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے،۔ نارتھ کراچی میں تیز رفتار واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار طالبعلم جاں بحق ہوگیا، مشتعل شہریوں نے واٹر ٹینکر کو آگ لگادی،کیماڑی میں ٹریفک حادثے میں زخمی شخص دوران علاج چل بسا، سائٹ میں ڈمپر کی ٹکر سے خاتون جاں بحق اور اس کا شوہر زخمی ہو گیا،فقیر کالونی میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 4 سالہ بچہ سفیان ولد ذاکر جاں بحق ہوگیا، فرار ڈرائیور کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں، رواں برس شہر میں ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 808 ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق خواجہ اجمیر نگری تھانے کی حدود نارتھ کراچی بابا موڑ سے فور کے چورنگی جانے والے روڈ پر کے الیکٹرک کے دفتر کے قریب تیز رفتار واٹرٹینکر نے موٹر سائیکل سوار نوجوان کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔متوفی نوجوان کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثے کے بعد مشتعل شہریوں نے واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی ۔ فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر واٹر ٹینکر میں لگی آگ پر قابو پالیا۔ حادثے میں جاں بحق نوجوان کی شناخت 17 سالہ عابد رئیس ولد رئیس احمد کے نام سے ہوئی جو نارتھ بابا موڑ کے قریب کا رہائشی تھا۔متوفی فرسٹ ایئر کا طالب علم بتایا جاتا ہے۔پولیس کے مطابق حادثے کے وقت متوفی کالج یونیفارم میں تھا۔پولیس کا دعویٰ ہے کہ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ دو موٹر سائیکلیں ٹکرانے کے باعث پیش آیا،نوجوان موٹر سائیکل سمیت گرا تو ٹینکر نے اسے کچل دیا۔پولیس نے بتایاکہ حادثے کے بعد واٹر ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔پولیس کے مطابق واٹر ٹینکر بلال نامی ڈرائیور چلا رہا تھا جبکہ ٹینکرکے مالک کا نام سعید اللہ معلوم ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق ڈرائیورکی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ واقعہ کے بعد ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی اور ڈپٹی کمشنر طحہ سلیم نے متوفی طالبعلم کے اہلخانہ سے تعزیت اور انصاف کی یقین دہانی کرائی ہے۔واضح رہے کہ رواں برس شہر میں ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 806 ہو گئی ہے۔دوسری جانب کیمارْی گیٹ نمبر 15 کے قریب 28 نومبر کو نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونے والا 40 سالہ شخص سول اسپتال میں دوران علاج زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ متوفی کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ مومن آباد تھانے کی حدود فقیر کالونی میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 4 سالہ بچہ سفیان ولد ذاکر جاں بحق ہوگیا۔ حادثہ کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی۔ پولیس نے ٹینکر کو تحویل میں لیاجبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے بتایا کہ حادثہ کے مقام پر لوگوں کی دی گئی معلومات کے مطابق بچہ راہ گیر تھا۔ پولیس معلومات لے رہی یے کہ یہ حادثہ کیسے ہوا ہے۔ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، پولیس نے کنڈیکٹر کو حراست میں لے لیا ہے۔ سائٹ میں ڈمپر کی ٹکر سے خاتون جاں بحق اور اس کا شوہر زخمی ہو گیا۔ سائٹ بی تھانہ کی حدود میں شیر شاہ پل پر ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں ایک مرد اور خاتون شدید زخمی ہوگئے۔ حادثہ کے بعد ڈمپر موقع سے فرار ہوگیا۔ زخمی ہونے والوں کوسول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج خاتون چل بسی۔متوفیہ کی شناخت 29 سالہ نسرین زوجہ شاہد اور زخمی مرد کی شناخت 35 سالہ شاہد ولد پیر بخش کے نام سے ہوئی ہے، دونوں میاں بیوی اور بلدیہ ٹائون کے رہائشی بتائے جاتے ہیں ۔

اہم خبریں سے مزید