• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، طلباء کو حفاظتی ٹیکوں کے سفیر کے طور پر کام کرنیکے منصوبے کا آغاز

پشاور (خصوصی نامہ نگار) بچوں کی صحت بالخصوص پولیو ویکسی نیشن اور ضروری حفاظتی ٹیکہ جات کے سلسلے میں کمیونٹی کی سطح پر آگاہی پیدا کرنے کے لئے صوبائی ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبر پختونخوا (ای او سی) نے یونیسف کے تعاون سے سکولوں کی سطح پولیو ویکسین سمیت پروگرام آغاز کر دیا ہے جس کا مقصد طلباء کو پولیو سمیت حفاظتی ٹیکہ جات کی ضرورت و اہمیت اجاگر کرنا ہے۔ اس منصوبے کے تحت پشاور کے مخصوص سکولوں کے طلباء کو پولیو ویکسین اور بچوں کی دیگر حفاظتی ٹیکہ جات کے سفیر کے طور پر کام کرنے کے قابل بنانے کے لئے رہنمائی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ آگے جاکر اپنی برادریوں میں آگاہی کو فروغ دیں، منفی پروپیگنڈہ اور خرافات کو دور اور معاشرے کی سطح پر پولیو ویکسین سمیت دیگر حفاظتی ٹیکہ جات کی حمایت میں آواز اٹھا سکیں۔ منصوبے کے تحت پہلی تقریب گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول نمبر 4، کاکشال، پشاور میں منعقد کی گئی جس میں ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ/کوآرڈی نیٹر ایمرجنسی آپریشنز سنٹر شفیع اللہ خان، ٹیکنیکل فوکل پرسن پی ای آئی ڈاکٹر علی حیدر، پراونشل پولیو آفیسر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر سردار عالم، ایس بی سی (ڈیجیٹل) سپیشلسٹ یونیسف ڈیانا ماریہ پیرگا، ایس بی سی سپیشلسٹ یونیسف سعدیہ اعجاز، کمیونیکیشن آفیسر یونیسف شاداب یونس، سکول کے پرنسپل زاہد امین اور اساتذہ کرام سمیت طلباء نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری صحت شفیع اللہ خان نے پولیو کے خاتمے کے قومی مقصد کے لئے وقت نکالنے اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلبہ کمیونٹی کی سطح پر آگاہی پھیلانے میں بھر پور کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کو انسداد پولیو کے قومی مشن کے حصول میں بطور سفیر شامل کرنے کے لئے ایک خصوصی اقدام اٹھا رہے ہیں جس کی بدولت وہ معاشرے کی سطح پر شعور آگاہی پھیلانے اورلوگوں کو ویکسین کے ذریعے قابل روک تھام بیماریوں سے بچاؤ میں مدد فراہم کرسکیں گے۔
پشاور سے مزید