راولپنڈی، اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) جڑواں شہروں میں ڈکیتیاں بڑھ گئیں، شہری گاڑی 17 موٹرسائیکلوں سے محروم ہوگئے۔ اسلحہ کی نوک پر لاکھوں روپے، لوٹ لئے گئے، طلائی زیورات، موبائل فونز، نقدی اور دیگر اشیاء لوٹ لی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے شہری مختلف وارداتوں میں ایک گاڑی 13 موٹر سائیکلوں، طلائی زیورات، موبائل فونز،نقدی اور دیگر اشیاء سے محروم ہوگئے، تھانہ روات کے علاقہ چک بیلی میں وقاص اور اس کا بھائی فخر عباس اپنی د کان میں موجود تھے کہ 2 مسلح ڈاکو داخل ہوئے اور اسلحہ کی نوک پر 3 لاکھ چارہزار پانچ سو روپے اور شناختی کارڈ چھین لیا۔ مزاحمت پر ملزموں نے فائرنگ کرکے فخر عباس کوشدید زخمی کر دیا اس کی دونوں ٹانگوں میں گولیاں لگیں ملزمان دکان کے باہرموجود اپنے تیسرے ساتھی کے ہمراہ موٹرسائیکل بدوں نمبر پر بیٹھ کرفرار ہوگئے، تھانہ وارث خان کے علاقہ کمیٹی چوک میں 4 نامعلوم ملزمان اسلحہ کی نوک پر امیر خان سے موبائل، تھانہ کینٹ کے علاقہ میں صدر میں نامعلوم موٹرسائیکل سوارگن پوائنٹ پر محمد حارث خان کی بیوی سے پرس چھین کرفرار ہوگیا،تھانہ ریس کورس کے علاقہ رینج روڈ پر 2موٹرسائیکل سوار محمد عقیل سے اسلحہ کی نوک پر 22ہزارروپے اور موبائل ،تھانہ ٹیکسلاکے علاقہ ٹمبرمارکیٹ روڈ پر 3موٹرسائیکل سوار رفع اللّٰہ خان سے گن پوائنٹ پر 35 ہزار روپے، تھانہ صدرواہ کے علاقہ براہمہ میں 3 نامعلوم ملزمان اخلاق احمد کی گاڑی روک کران سےآئی فون پرومیکس 16،2موبائل ، ساڑھے تین لاکھ روپے، 1200 سعودی ریال، تین گھڑیاں ، شناختی کار، گاڑیوں کے 2 کارڈ ، اور ڈرائیونگ لائسنس چھین کرفرار ہوگئے ،نورانی محلہ میں شہناز بیگم کے گھر کے باہرسے گیٹ مالیتی15 ہزار روپے، نجی ٹاؤن میں شاہین کے گھر سے طلائی بالیاں، 2 طلائی انگوٹھیاں اور 6 ہزار روپے چوری کرلئے گئے۔ ادھر وفاقی دارالحکومت میں ڈکیتی، سرقہ بالجبر، نقب زنی اور چور ی کی7وارداتوں میں لاکھوں روپے کی نقدی زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء کے علاوہ4موٹر سائیکل چوری، 2 موبائل فون اور نقدی اسلحہ کی نوک پر چھین لی گئی۔ تھانہ کراچی کمپنی اور تھانہ نون کے علاقوں سے دو موبائل فون اور نقدی اسلحہ کی نوک پر چھین لی گئی ۔ تھانہ مارگلہ، تھانہ رمنا، تھانہ انڈسٹریل ایریا اور تھانہ نون کے علاقوں سے 4 موٹر سائیکل چوری کر لئے گئے۔