کوئٹہ (آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر رکن صوبائی اسمبلی سابق صوبائی وزیر میر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ ہماری حکومت اپنی مدت پوری کرتے ہوئے کوئٹہ سمیت بلوچستان میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا کر عوام کے مسائل کو حل کرے گی اور بلدیاتی انتخابات میں عوام کے حق رائے دہی سے کامیابی حاصل کرکے جیالا میئر بنائیں گے اور پارٹی سمیت پارلیمانی نمائندوں کا وزیر اعلیٰ پر مکمل اعتماد ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میر حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی غریبوں، کسانوں، مزدوروں، دہقانوں کی پارٹی ہے جس نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا بیڑا اٹھا رکھا ہے اور پیپلزپارٹی پر امن بلوچستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر بناتے ہوئے مسائل کے حل کو یقینی بناکر صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھارہی ہے جن کے مکمل ہونے کے بعد ان کے ثمرات سے عوام مستفید ہوں گے۔