کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان خواتین انڈر 19نے بنگلہ دیش خواتین انڈر 19کو پانچویں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں 6 وکٹوں سے ہراکر سیریز تین دو سے جیت لی۔ جمعہ کو کاکسز بازار اکیڈمی میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بولنگ کا انتخاب کیا اور میزبان ٹیم کو 84رنز پر آؤٹ کردیا ۔ سعدیہ اختر تین چوکوں کی مدد سے 27رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔ بریرہ سیف نے 16 رنز دے کر3 اور روزینہ اکرم نے 16 رنز دے کر 2 وکٹ لیے ۔ پاکستان ہدف 17 اوورز میں چار وکٹوں پر پورا کرلیا۔ کومل خان 25، اقصیٰ حبیب 21 اور فضہ فیاض 18 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں رہیں۔ پی سی بی کے چیئر مین محسن نقوی نے سیریز جیتنے پر ٹیم کو مبارکباد دی ہے ۔