لاہور(خصوصی نمائندہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ بھیک نہیں حق ہے،آزادکشمیر اور جی بی کوقومی مالیاتی ایوارڈ کے تحت فنڈز ملنے چاہئیں،میں خود اس بارے وزیر اعظم سے بات کروں گا ،ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت یقینی بنائی جائے، قبضہ مافیا، تجاوزات کا خاتمہ کیا جا رہا ہے، ستھرا پنجاب منصوبے نے پنجاب کو ترقی یافتہ صوبہ بنا دیا،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں رائے عامہ بہتر لگتی ہے، فضاء اچھی ہے اس لیے انتخابات میں نتیجہ بھی اچھا آنا چاہیے، پارٹی کے اندر لڑائی برداشت نہیں کی جائے گی، اگر کوئی ملوث ہے تو اس کو باہر رکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پارٹی رہنمائوں سے گفتگو کرتے کیا۔نواز شریف نے کہا کہ مجھے پیغام ملا کہ آپ سب مجھے ملنا چاہتے ہیں۔ تو مجھے بڑی خوشی ہوئی اور میں نے بہت اچھا محسوس کیا۔ ہم سب کو بہت خوشی ہے کہ یہاں پہ آج آزاد کشمیر کے بھی ہمارے دوست ساتھی بیٹھے ہیں اور گلگت بلتستان کے بھی دوست ساتھی بیٹھے ہیں۔