لاہور (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنے دائرہ کار میں رہ کر سیاست کریں، ملکی سالمیت کیخلاف چلنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا، میں خود پنجاب کی گلی گلی محلے محلے جائوں گا اور لوگوں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کروں گا، پیپلز پارٹی کے کارکن اپنے اپ کو تنہا نہ سمجھیں۔پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری سے گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گورنر ہاوس لاہور میں ملاقات کی ۔ملاقات میں پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔بلاول بھٹو زرداری نے گورنر سردار سلیم حیدر کی پارٹی کیلئے پنجاب میں بھرپور خدمات کو بھی سراہا۔بلاول بھٹو نے پارلیمنٹیرین، ٹکٹ ہولڈرز، سینئر صحافیوں،کاروباری شخصیات،طلبہ یونین اور وکلا برادری سمیت پارٹی وکرروں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پرمختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔ پی ایس ایف اور پی وائے اوکے نوجوانوں نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کے ہمراہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے ملاقات کی۔