• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب، عاصم منیر نے فاتح پاکستان آرمی کو ٹرافی پیش کی، بلاول نے فیلڈ مارشل کو اجرک اور ٹوپی پہنائی

کراچی( نصر اقبال،اسٹاف رپورٹر)35ویں نیشنل گیمز پاکستان آرمی کی واضح برتری پر اختتام کو پہنچی، فیلڈ مارشل عاصم منیر اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی سے تھے انہوں نے گیمز کی فاتح پاکستان آرمی کو ٹرافی پیش کی، بلاول بھٹو نے چیف آف ڈیفنس فورسز، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سندھی اجرک اور ٹوپی پہنائی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان خود مختار ریاست کی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے، قومی گیمز اتحاد کا مظہر ثابت ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق 35ویں قومی گیمز رنگا رنگ اور سحر انگیز تقریب میں پاکستان آرمی کی واضح برتری کے ساتھ ختم ہوگئے، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، جنہوں نے پاکستان آرمی کے دستے کوقائد اعظم جنرل ٹرافی دی، جبکہ واپڈا کی ٹیم کو رنرز اپ ٹرافی دی گئی، جبکہ مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر پاکستان نیوی کو خصوصی ٹرافی سے نوازا گیا، جو فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خود عطا کی۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے تھے۔ اس موقع پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر، پی او اے کے صدر عارف سعید ، سیکرٹری محمد خالد محمود، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت بھی موجود تھے، مہمان خصوصی نے قومی گیمز کے ختم کرنے کا اعلان کیا، جسکے بعد ایک ہفتے تک روشن مشعل کو بجھا دیا گیا، اسٹیڈیم میں موجود شائقین کی بڑی تعداد نے فیلڈ مارشل کا کھڑے ہوکر استقبال کیا۔

اہم خبریں سے مزید