راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر پارلیمانی سیکرٹری ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سلطان باجوہ نے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا دورہ کیا، ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے اتھارٹی کی جاری منصوبوں ، اہم کامیابیوں اور مستقبل کے ترقیاتی اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں زیرِ غور آنے والے بڑے منصوبوں میں راولپنڈی رنگ روڈ، نالہ لئی منصوبہ، میٹرو بس کوریڈور کی بحالی، فلیش مین سے فیض آباد تک مری روڈ کی بحالی، اڈیالہ روڈ، کورال چوک اور چوہڑچوک پر مشترکہ چیک پوسٹس کی تعمیر سمیت دیگر ترقیاتی سکیمیں شامل تھیں۔ ڈی جی آر ڈی اے نے راولپنڈی میں منظور شدہ، غیر منظور شدہ اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بلاامتیاز اور سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈی جی آر ڈی اے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آر ڈی اے جدید شہری ترقی، شفافیت اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔