کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ الیون 26مارچ سے تین مئی تک کرانےکا اعلان کیا ہے۔ میزبانی کیلئے نئے شہر فیصل آباد کا اضافہ کیا گیا جس نے شائقین میں نیا جوش پیدا کیا ہے۔ نیوریارک میں پی ایس ایل روڈ شومیں پی سی بی چیئر مین محسن نقوی نے کہا کہ 11واں ایڈیشن 26 مارچ 2026 سے 3 مئی تک کھیلاجائے گا۔ کھلاڑیوں کو انعامات دینے سے اُن کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، پی سی بی اور پی ایس ایل کے آرگنائزر مل کر کام کر رہے ہیں، ملک میں بہت با صلاحیت کرکٹرز موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خاطر خواہ فائدہ ملتا ہے، پی سی بی اور پی ایس ایل کی انتظامیہ کرکٹ کی بہتری کیلئے کام کر رہی ہیں۔گیارہ میچوں کی میزبانی اس باراقبال اسٹیڈیم فیصل آباد کرے گا۔یہ پہلا موقع ہوگا جب فیصل آباد میں پی ایس ایل میچ ہوں گے۔ٹائم اسکوائرنیویارک روڈ شوز کا مقصد 8 جنوری کو پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کی خریداری میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا تھا۔نیویارک روڈ شو میں، ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا، صائم ایوب، ابرار احمد، فہیم اشرف، سعود شکیل، شان مسعود، سابق کپتان وسیم اکرم، رمیز راجاسمیت دیگر نے شرکت کی۔ امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ کھیل سفارت کاری اور ثقافتوں کی پہچان کا ذریعہ ہیں۔تقریب میںپاکستانی کرکٹرز شان مسعود، سلمان علی آغا اور سعود شکیل نے پی ایس ایل کے تجربات شیئر کیے۔ ابراراحمد، فہیم اشرف اور صائم ایوب نے بھی پی ایس ایل کی اہمیت پر بات کی۔محسن نقوی نے اسے دنیا کی نمبرون لیگ بنانے کا عزم ظاہر کیا۔ سابق کپتان وسیم اکرم اور رمیز راجا کے نزدیک پی ایس ایل نوجوان کرکٹرز کے لیے بہترین پلیٹ فارم ہے۔روڈ شو میں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کو نئے سرے سے بنانے کا بھی اعلان کیا گیا۔ مظفرآباد اور نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد کو بھی آباد کرنے کی منصوبہ بندی کئی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 11 کی وجہ سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ بنگلہ دیش میں ردوبدل ہو گا ۔ ایف ٹی پی کے تحت پاکستان نے مارچ اپریل میں بنگلہ دیش کا دورہ کرنا ہے جس میںدو ٹیسٹ میچ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں دورے میں تین ون ڈے اور تین ٹی20 میچ بھی شامل ہیں۔پی ایس ایل کی وجہ سےسیریز ری شیڈول ہو گی ، اس حوالے سےدونوں بورڈز کے درمیان بات چیت جاری ہے ۔میچوں کی تعداد میں کسی طور پر کمی نہیں ہو گیاس لئے نئی ونڈو تلاش کی جاری ہے ۔دو ٹیسٹ ورلڈ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں جلد ایسی ونڈو کا اعلان کردیا جائے گاجو دونوں ٹیموں کے لئے قابل قبول ہو۔پاکستان بنگلہ دیش وائٹ بال سیریز میں ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی میچ آگے پیچھے کیے جا سکتے ہیں ۔بنگلہ دیش بورڈ سے مشاورت کے بعد جلد باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔