کراچی ( اسٹاف رپورٹر )نامورصحافی، تحریک خلافت اور تحریک آزادی کے رہنما اللّٰہ بخش یوسفی کا خاندان کراچی میں لٹ گیا ۔قائد اعظم سے بابائے صحافت سرحد کا لقب پانے والے اللہ بخش یوسفی کے بزرگ بیٹے کے گھر سے ڈاکوؤں قیمتی زیورات اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے ۔واقعہ تھانہ گذری کی حدود ڈیفنس فیز فور فورتھ کمرشل اسٹریٹ مکان نمبر 70 میں پیش آیا۔واقعہ کا مقدمہ طارق بن یوسفی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے ۔مقدمہ کے مطابق 3 مسلح ڈاکو 10 دسمبر کی صبح عقبی دروازے سے گھر میں داخل ہوئے ۔ملزمان نے 82 سالہ طارق یوسفی اور ان کی معذور اہلیہ کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ ڈاکوؤں نےعمر رسیدہ میاں بیوی کو ہاتھ اور منہ باندھ کر کمروں میں بند کردیا اور پورے گھر کو تہس نہس کرڈالا۔ملزمان نے 15 تولے سونا، 30 ہزار درہم ،90 ہزار پاکستانی روپے،کپڑے ،جوتے ، موبائل فون سب لوٹ لیا۔طارق یوسفی کے مطابق ڈاکو ان کے والد کو ملنے والا تاریخی سنہری گولڈ میڈل بھی لوٹ کر لے گئے۔