کراچی ( اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر داخلہ ضیا ءالحسن لنجار نے ایوان کو بتایا کہ یہ بات درست ہے کہ ہیوی ٹریفک سے آئے دن حادثات ہورہے ہیں اور اب تک ڈھائی سو افراد اپنی جان گنوا چکے ہیں ۔انہوں نے یہ بات پیر کو سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے رکن معاذ محبوب کے ایک توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے بتائی ۔سندھ اسمبلی کا اجلاس پیر کو اسپیکر اویس قادر شاہ کی زیر صدارت ہوا۔ ایوان میں عوامی مسائل سے متعلق کئی توجہ دلاؤ نوٹس پیش کئے گئے۔ قبل ازیں ایوان میں محکمہ ترقی نسواں کے وقفہ سوالات کے دوران صوبائی وزیر شاہینہ شیر علی نے ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کے جواب دیئے۔ ایم کیو ایم کے معاذ محبوب نے اپنے توجہ دلاؤ نوٹس میں دریافت کیا تھا کہ کراچی میں ہیوی ٹریفک سے حادثات کی روک تھام کے لئے کیا اقدامات کئے گئے ہیں؟وزیر داخلہ نے اس بات کو تسلیم کیا کہ ہیوی ٹریفک سے آئے دن حادثات ہورہے ہیں اور اب تک 250 سو افراد اپنی جان گنوا چکے ہیں تاہم حکومت کو اس صورتحال کا پوری طرح ادراک ہے جمعہ کو اسی مسئلے پر ایوان کی ایک کمیٹی بنائی جاچکی ہے۔ٹریفک کے مسائل کے، حل کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔مگر یہ افسوس کی بات ہے کہ کچھ سیاسی جماعتیں اس پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پرٹریلر پر ایک لاکھ روپے کاچالان ہے۔ ایک ٹریلر کو دن میں تین تین دفعہ بھی چالان ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میںبارہ ہزار سے زائد ٹرک اور ڈمپر کو ٹریکرز لگائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حادثات کی وجوہات بھی ہیں۔ موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ نہیں استعمال کرتے۔ آگاہی مہم کے باوجود کوئی ہیلمٹ پہننے کے لئے تیار نہیں ہے۔ایم کیو ایم کے عبدالباسط نے اپنے توجہ دلاؤ نوٹس میں شکایت کی کہ یونین کونسلز کے پیسے پانچ لاکھ سے بڑھا کر بارہ لاکھ کردیئے گئے ہیں پھر بھی کہیں کام ہوتا ہوا نظر نہیں آتا۔