کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان سے اربوں ڈالر کی معدنی برآمدات کے لیے پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل لمیٹڈ( پی آئی بی ٹی)اور ریکوڈک کے درمیان معاہدہ طے پا گیا، جسکے تحت PIBT کو تانبہ، سونا، معدنیات، دھاتیں اور دیگر قدرتی زمینی وسائل سمیت کاپر گولڈ کموڈیٹیز کو ہینڈل، ذخیرہ اور برآمد کرنے کی اجازت حاصل ہو گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل لمیٹڈ (PIBT) نے ریکو ڈک مائننگ کمپنی (RDMC) کے ساتھ تانبہ اور سونے کے کنسنٹریٹس کی ہینڈلنگ اور برآمدات کیلئے ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ یہ معاہدہ PIBT اور پورٹ قاسم اتھارٹی (PQA) کے درمیان سپلیمنٹل امپلیمنٹیشن ایگریمنٹ پر دستخط کے بعد ممکن ہوا۔ ریکو ڈک دنیا کے سب سے بڑے تانبہ اور سونے کے کان کنی منصوبوں میں سے ایک ہے، جس سے پاکستان کی طویل المدتی معدنی برآمدات اور معاشی ترقی میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔