• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کے حالیہ بیانات ”کھسیانی بلی کھمبا نوچے“،عطا تارڑ

کراچی( ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے حالیہ بیانات ”کھسیانی بلی کھمبا نوچے“ کے مترادف ہیں۔ بات چیت کے لئے قانونی دائرے میں رہنا ضروری ہے۔ جبکہ پروگرام کے میزبان نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت اختلافات کا شکار ہے۔پروگرام میں ماہر معیشت محمد سہیل نے بھی گفتگو کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں حکومت اور وسائل ہونے کے باوجود پی ٹی آئی عوام کو سڑکوں پر لانے میں ناکام ہے اور اس کا ووٹر مایوسی کا شکار ہو چکا ہے۔پی ٹی آئی کی کال پر اب عوام باہر نہیں نکلتے، چاہے جلسہ پشاور میں ہو یا کوہاٹ میں۔ بات چیت کے لئے قانونی دائرے میں رہنا ضروری ہے، جبکہ پی ٹی آئی کے اندر یہ واضح نہیں کہ حکومت کس سے بات کرے۔ عطا تارڑ کے مطابق عظمیٰ خان کی ملاقات اس لئے ممکن ہوئی کہ انہوں نے جیل قواعد کی خلاف ورزی نہیں کی، جبکہ جو بھی ملاقات کے قواعد توڑتا ہے اس پر پابندی عائد کر دی جاتی ہے۔
اہم خبریں سے مزید