اسلام آباد (فاروق اقدس) اقوامِ متحدہ کے ماہرین نےایک رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان پہلگام حملے میں ملوث نہیں تھا، بھارت نے حملہ کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی، پہلگام حملے اور 7مئی کو بھارتی فوجی کارروائی سے متعلق اقوامِ متحدہ کے خصوصی ماہرین نے ایک جامع رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں بھارت کے اقدامات پر سخت اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔یو این ماہرین کی رپورٹ میں پہلگام حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان نے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی اور غیرجانبدار و شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔اقوامِ متحدہ کے 5خصوصی نمائندوں کی یہ آبزرویشن 16اکتوبر کی ایک رپورٹ میں کی گئی تھی جو 15دسمبر کو منظرِ عام پر آئی۔ رپورٹ میں پہلگام حملے کے بعد بھارت کے فوجی ردعمل کے ساتھ ساتھ اس واقعے کے بعد سندھ طاس معاہدے کو معطل رکھنے کے بھارتی فیصلے کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔یو این ماہرین نے بتایا کہ بھارت 22اپریل 2025کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کر سکا۔