• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی انرجی پلان کی تشکیل پر کام کی منظوری، بندرگاہوں کی توسیع پر کام تیز، پورٹ چارجز کم کئے جائیں، شہباز شریف

اسلام آباد (رانا غلام قادر/ نیوز رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جامع قومی انرجی پلان کی تشکیل پر متعلقہ وزارتوں اور صوبوں کی مشاورت سے کام کرنے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے جامع قومی انرجی پلان کے لئے علیحدہ سیکرٹریٹ کے قیام کی ہدایت کر دی جبکہ ویلنگ چارجز کی نیلامی کے لیے فریم ورک گائیڈ لائنز کی اصولی منظوری بھی دی گئی‘شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان کی جرات و دلیری اور عوامی جوش و جذبے نے بھارت کو ایسا سبق سکھایا جو اسے ہمیشہ یاد رہے گا‘ قائداعظم اور علامہ اقبال کے خوابوں کی تعبیر کا وقت آ گیا‘ شبانہ روز محنت سے پاکستان کو دنیا کا عظیم ملک بنائیں گے‘صنعتوں کو مسابقتی ٹیرف پر بجلی فراہم ‘بندرگاہوں میں پڑے متروکہ کارگو کی نیلامی کے لئے شفاف نظام لایا جائے ‘پاکستان کی تمام بندرگاہوں کی توسیع پر کام تیز کیا جائے تاکہ بڑے جہاز لنگر انداز ہو سکیں ‘مختلف نوعیت کے پورٹ چارجز کو مزید کم کیا جائے‘ وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں دانش یونیورسٹی بنانے اورجلد پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کا اجرا کرنے کا بھی اعلان کیا ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت توانائی پر کابینہ کی ذیلی کمیٹی کی سفارشات پر جائزہ اجلاس بدھ کو یہاں منعقد ہوا‘شہبازشریف نے جامع قومی انرجی پلان کے لئے علیحدہ سیکرٹریٹ بنانے کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں ویلنگ چارجز کی نیلامی کے لیے فریم ورک گائیڈ لائنز کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ قومی انرجی پلان کی مجوزہ پالیسی میں تمام متعلقہ وزارتیں اور صوبائی حکومتیں ہم آہنگی کے ساتھ قابل عمل جامع حکمت عملی پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ قومی انرجی پلان کی تشکیل میں صنعتوں کے لیے کم سے کم لاگت پر بجلی کی فراہمی اور گھریلو صارفین کے لیے سہولت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر اعظم نے قومی انرجی پلان میں وزارت موسماتی تبدیلی، وزارت خزانہ، وزارت صنعتی پیداوار اور وزارت پٹرولیم کی سفارشات کو موثر انداز میں شامل کرنے اور ملک میں بجلی کے ذیلی ترسیلی اداروں (ڈسکوز) کی نجکاری کو موثر انداز میں اور جلد از جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے حکم دیا کہ ملک کی صنعتی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے صنعتوں کو بجلی مسابقتی ٹیرف پر فراہم کیجائے۔علاوہ ازیں یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر مظفر آباد میں میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ لیپ ٹاپ سکیم پر یہ کہہ کر تنقید کی گئی کہ یہ رشوت ہے لیکن یہ ثابت ہو گیا کہ یہ رشوت نہیں بلکہ نوجوانوں کو اپنے قدموں پر کھڑا کرنے کا ذریعہ ہے۔

اہم خبریں سے مزید