اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ 75فیصد شیئرز کی نجکاری کے بعد پی آئی اے ایک نئی اڑان بھرے گی اور اس کی عظمت رفتہ بحال ہوگی، پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز حاصل کرنے والے سرمایہ کاروں اورحکومتی ٹیم کے سٹار پلیئرز کو بھی مبارکباد ،سچے دل سے قوم کی خدمت کرنے والے قوم کے سروں کا تاج ہیں، وزیر اعظم ان خیالات کا اظہار بدھ کو پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کرنے والی حکومتی ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ سادہ اور پروقار تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا مرحلہ کل بہترین طریقے سے ملکی مفاد میں پایہ تکمیل کو پہنچا، ماضی میں بھی اس حوالہ سے کئی کاوشیں کی گئیں جو بوجوہ کامیاب نہ ہو سکیں، ہم نے پہلے بھی ایک کوشش کی جو ناکامی سے دوچار ہو گئی لیکن ہم نے ہمت نہیں ہاری اور اس دشوار کام کو دوبارہ تیزی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کی کوشش کی، اس سلسلہ میں پیشہ وارانہ انداز میں ٹیم ورک، کوآرڈینیشن اور مختلف وزارتوں کے مابین مشاورت سمیت تمام مراحل مکمل کئے اور رواں ماہ کے اوائل میں بولی میں ممکنہ حصہ لینے والے بڈرز کے ساتھ میں نے ملاقات کی جس میں سیر حاصل گفتگو ہوئی، ان کے جائز خدشات کو دور کیا گیا اور مشاورت سے بولی کیلئے 23 دسمبر کی تاریخ طے ہوئی، بولی کا عمل بھی باہمی مشاورت سے طے کیا تاکہ شفاف طریقے سے براہ راست نشریات کے ذریعے سارا عمل سب کے سامنے اور سب کو ہوتا ہوا نظر آئے۔