کراچی (نیوز ڈیسک)صدر ٹرمپ اور زیلنسکی ملاقات سے قبل روس کا کیف پر شدید حملہ، ڈرون اور میزائلوں کی بارش، ایک ہلاک، درجنوں زخمی، شہر کے ایک تہائی حصے میں بجلی منقطع ہوگئی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی کی متوقع ملاقات سے ایک دن قبل یوکرین کے دارالحکومت کیف پر شدید میزائل اور ڈرون حملے کیے، جن میں کم از کم ایک خاتون ہلاک اور درجنوں افراد زخمی ہوئے، جبکہ شہر کے تقریباً ایک تہائی حصے میں بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی۔ یوکرینی حکام کے مطابق ہفتہ کی صبح سے تقریباً 10 گھنٹے تک فضائی حملے کا الرٹ جاری رہا، اس دوران روس نے لگ بھگ 500 ڈرون اور 40 میزائل توانائی تنصیبات اور شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کیف کے گردونواح میں ساڑھے تین لاکھ سے زائد گھروں کی بجلی بھی چلی گئی۔