بنکاک (اے ایف پی) تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کا فوری جنگ بندی پر اتفاق، فوجی نقل و حرکت منجمد، سرحدی جھڑپوں میں 47 ہلاکتیں، دس لاکھ افراد بے گھر، جنگ بندی تمام ہتھیاروں اور حملوں پر لاگوہوگی۔تھائی لینڈ اور کمبوڈیا نے ہفتوں سے جاری خونریز سرحدی جھڑپوں کے خاتمے کے لیے فوری جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔ دونوں ممالک کے دفاعی وزرا نے سرحدی چیک پوائنٹ پر مشترکہ بیان پر دستخط کیے، جس کے مطابق جنگ بندی ہفتہ کو دوپہر 12 بجے سے نافذ ہو گئی۔ تین ہفتوں کی لڑائی میں توپ خانے، ٹینکوں، ڈرونز اور جنگی طیاروں کے استعمال سے کم از کم 47 افراد ہلاک اور ایک ملین سے زائد لوگ بے گھر ہوئے، جبکہ تنازع تقریباً تمام سرحدی صوبوں تک پھیل گیا تھا۔ معاہدے کے تحت ہر قسم کے ہتھیاروں کا استعمال، شہریوں، شہری تنصیبات اور فوجی اہداف پر حملے بند ہوں گے۔ دونوں فریق تمام فوجی نقل و حرکت منجمد کریں گے اور سرحدی علاقوں کے رہائشیوں کی جلد واپسی میں سہولت فراہم کریں گے۔ اس کے علاوہ بارودی سرنگوں کی صفائی اور سائبر جرائم کے خلاف تعاون پر بھی اتفاق ہوا ہے، جبکہ تھائی لینڈ 18 گرفتار کمبوڈیائی فوجیوں کو 72 گھنٹوں کے اندر واپس کرے گا۔