کراچی( نصر اقبال،اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ورلڈکپ ہاکی ٹور نامنٹ کے کوالیفائی راؤنڈ میں قومی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے پاکستان اسپورٹس بورڈ سے رابطہ کرلیا ہے، یہ راؤنڈ اگلے سال یکم مارچ سے مصر میں کھیلا جائے گا،پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ایونٹ میں ہونے والے اخراجات کے حوالے سے پی ایچ ایف کی رپورٹ بین الصوبائی رابطے کی وزارت کو منظوری کے لئے بھیج دی ہے، پی ایچ ایف نے سفری،ہوٹل کے رہائشی اخراجات ، کھلاڑیوں کے ڈیلی کے حوالے سے پی ایس بی سے تعاون کی درخواست کی ہے، چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن پاکستانی ہاکی ٹیم ورلڈکپ کوالیفائر کے پول بی میں شامل ہے جہاں اس کے ساتھ انگلینڈ ، آسٹریلیا، میزبان مصر، ملائیشیا، امریکا، جاپان اور چین کو رکھا گیا ہے۔اسی طرح مارچ 2026 میں مصر میں ہونیوالے ورلڈکپ کوالیفائر سے 4 ٹیمیں ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کرینگی، ورلڈ کپ کوالیفائر سے پہلے قومی ہاکی ٹیم عماد شکیل بٹ کی قیادت میں پرو لیگ 26 سے 2025 کے دوسرے مرحلے میں آسٹریلیا کے شہر ہو بارٹ میں ورلڈ چیمپئن جرمنی اور میزبان آسٹریلیا سے 10 سے14 فروری 2026 تک 4 میچ کھیلے گی۔16واںایف آئی ایچ ورلڈکپ ہاکی ٹور نامنٹ اگلے سال 14 سے 30 اگست تک بیلجیم کے شہر وا ری، اور ایمسٹیلوین ہالینڈ میں کھیلا جائےگا۔ جس میں جرمنی کی ٹیم اعزاز کا دفاع کریگی۔