اسلام آباد (این این آئی)پاکستان نے یمن میں دوبارہ تشدد بڑھنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یمن کے اتحاد اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے اور سعودی عرب سے مکمل اظہار یکجہتی کا اظہار کیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ یکطرفہ اقدامات صورتحال کو مزید کشیدہ، امن کوششوں کو نقصان اور خطے کا امن خطرے میں ڈال سکتے ہیں، یمن مسئلے کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی بنیاد پر راستہ اختیار کیا جائے۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ یمن میں پائیدار امن و استحکام کے لیے ہونے والی تمام کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، یمن کے کسی بھی فریق کی جانب سے یکطرفہ اقدامات کی سخت مخالفت کرتے ہیں۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان نے یمن میں کشیدگی کم کرنے اور امن برقرار رکھنے کیلئے علاقائی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی سے وابستگی کو دہرایا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق سعودی عرب کی سکیورٹی پاکستان کیلئے اہم ہے، ہر ممکن تعاون جاری رہیگا، پاکستان سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ یمن مسئلے کے حل کیلئے مکالمے اور سفارت کاری کی بنیاد پر راستہ اختیار کیا جائے۔ امید ہے یمن کے عوام اور علاقائی طاقتیں مل کر جامع اور دیرپا حل کی طرف بڑھیں گی، یمن میں پائیدار تصفیہ خطے کے استحکام کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔