• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نالے سے ملی لاشوں کا پوسٹ مارٹم، تشدد کرکے قتل کئے جانے کا انکشاف، مرکزی ملزم گرفتار

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) مائی کلاچی روڈ پر نالے سے جمعہ کی شب ملنے والی لاشوں کے پوسٹ مارٹم میں انہیں تشدد کرکے قتل کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے،مائی کلاچی پھاٹک کے قریب سے 4افراد کی لاشیں ملنے کے واقعہ پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ ڈی آئی جی سائوتھ سید اسد رضا کے مطابق واردات میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم مسرور حسین سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملزم نے خاتون سمیت چار افراد کو قتل کیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکس تھانے کی حدود مائی کلاچی روڈ ریلوے پھاٹک کے قریب نالے سے جمعہ کی شب ملنے والی 4لاشوں کا پوسٹ مارٹم کر دیا گیا، جاں بحق ہونے والے افراد میں 2 کم عمر لڑ کے اور 2خواتین شامل ہیں ، 13ے 14سالہ لڑکے کے سر، چہرے اور گردن پر متعدد زخم ہیں جبکہ 10سالہ بچے کا گلا کاٹا گیا، 14سے 15سالہ لڑکی کے سر، چہرے اور گردن پر شدید زخم ہیں جبکہ 40سالہ خاتون کی کھوپڑی اور چہرے پر شدید نوعیت کے زخم پائے گئے ،پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق مقتول کو نشہ آور اشیاء دینے اورانکے ساتھ جنسی تشدد کی تصدیق کےلئے لاشوں سے نمونوں کے اجزاء حاصل کئے گئے ہیں ،جو ایگزامن کے لئے لیبارٹی بھیجوا دیئے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم نے بتایا ہے کہ مقتولہ خاتون تعویذ گنڈے کرتی تھی، اس وجہ سے وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔تعویذ سے پریشان ہو کر انیلہ اور اس کے تین بچوں کو قتل کیا۔ گرفتار ملزم مسرور حسین نے ابتدائی تفتیش میں ہی چاروں افراد کے قتل کا اعتراف کرلیا۔وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کیماڑی پولیس اور ایس ایس پی امجد شیخ کی ٹیم کو شاباش دی ہے۔انہوں نے کہا کہ تیز،پیشہ ورانہ اور فوری کارروائی پر کیماڑی پولیس خراج تحسین کی مستحق ہے۔سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی اقدامات جاری رہیں گے۔

اہم خبریں سے مزید