کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شارع فیصل پر نئی سولر اسٹریٹ لائٹس کے افتتاح کے موقع پر کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی آئیں گے تو ان کو میں نے اپنا آفس آفر کیا ہے، میئر کراچی نے کہا ہے کہ 2026ء ترقیاتی کاموں کا سال ہے اور الیکشن کے دوران عوام سے کیے گئے ایک ایک وعدے کو پورا کیا جائے گا ،قیوم آباد سے کاٹھور تک شاہراہ بھٹو کو جلد ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا ،کراچی کی تین بڑی شاہراہوں کی اسٹریٹ لائٹس کو سولر سسٹم پر منتقل کر دیا گیا ہے، 900 ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے اس منصوبے کے تحت سولر پینلز لگانے والی کمپنی پانچ سال تک آپریشن اور وارنٹی کی ذمہ دار ہوگی، جس کے نتیجے میں سالانہ تقریباً ڈھائی کروڑ روپے کے بجلی کے بلوں میں بچت ہوگی، ماضی میں کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ کے باعث اسٹریٹ لائٹس بند رہتی تھیں اور بلدیہ عظمیٰ کراچی پر ناکامی کے الزامات لگائے جاتے تھے، میئر نے کہا کہ کونوکارپس نہ تو ماحول دوست اور نہ ہی انفرااسٹرکچر کے لیے موزوں ہے اس کے باوجود اس درخت کے کاٹنے پر بلاوجہ ہنگامہ کیا جاتا ہے اصل ضرورت مقامی درخت لگانے کی ہے ،انہوں نے کہا کہ صرف پریس کانفرنسوں، احتجاج اور منفی سیاست سے مسائل حل نہیں ہوتے،جماعتِ اسلامی کو چاہیے کہ سازشوں اور منافقت کے بجائے عملی کام کا مقابلہ کرے، انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے وعدے کے مطابق عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھا جائےگا ۔