اسلام آباد (رپورٹ: حنیف خالد)ایران میں حالیہ احتجاجی صورتحال پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے، قانونی مطالبات پر ہونے والے دکانداروں کے احتجاج ختم ہو چکے ہیں، انٹرنیٹ سروس بحال ہے اور ملک کے بیشتر شہروں میں امن و امان کی صورتحال معمول پر آ چکی ہے۔ یہ بات ایران کے سفیر برائے پاکستان ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے جنگ کو ایک انٹرویو میں کہی۔انہوں نے کہا کہ ایران میں صورتحال سے متعلق تازہ ترین اطلاعات کے مطابق مظاہرین کا مرکزی گروہ، جس میں زیادہ تر دکاندار شامل تھے، نے اپنے قانونی احتجاج کے باضابطہ اختتام کا اعلان کر دیا ہے۔ ملک بھر میں انٹرنیٹ بحال کر دیا گیا ہے تاہم سکیورٹی اور سائبر سکیورٹی کے تقاضوں کے باعث بعض مقامات پر رفتار میں عارضی کمی برقرار ہے۔ حکومت نے قانونی احتجاج کے حق کو تسلیم کرتے ہوئے تجارتی تنظیموں اور مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے نمائندوں سے تعمیری مذاکرات کا آغاز کیا جس سے صورتحال کے استحکام میں نمایاں مدد ملی۔