لاہور(آصف محمود بٹ ) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بدلتے ہوئے مقامی، علاقائی اور عالمی ماحول میں سول سروس کے افسران کے لیے پیشہ ورانہ صلاحیت، دیانت، نظم و ضبط اور خود کو وقت کے ساتھ ہم آہنگ کرنا بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے نوجوان سول افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی آئندہ ذمہ داریوں کو قومی خدمت سمجھتے ہوئے باہمی تعاون، ذمہ داری اور مسلسل سیکھنے کے جذبے کے ساتھ انجام دیں۔وہ سول سروسز اکیڈمی لاہور کے 53ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے 136 زیرِ تربیت افسران کے وفد سے خطاب کر رہے تھے جنہوں نے وزارتِ خارجہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر افسران کو پاکستان کی خارجہ پالیسی، سفارتی نظام اور عالمی سطح پر قومی مفادات کے فروغ میں سول سروس کے کردار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔