• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان دہشت گرد تنظیموں کا خاتمہ کرے، پاکستان اور چین کا دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور سیکورٹی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

بیجنگ (اے پی پی) پاکستان اور چین نے ایک دوسرے کی مکمل حمایت اور دہشت گردی کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور دوطرفہ سیکورٹی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، دونوں ممالک نے افغانستان سے کہا گیا ہے کہ اپنے علاقوں میں موجود تمام دہشت گرد تنظیموں کے خاتمے کیلئے واضح اور قابل تصدیق اقدامات کرے، دونوں ممالک سی پیک کا اپ گریڈ ورژن بنائینگے، صنعت، زراعت، کان کنی، بینکنگ اور مالیاتی شعبوں میں تعاون کو مزید تیز کرینگے، دونوں ممالک نے اسٹرٹیجک رابطے بڑھانےاور تنازع کشمیراقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا، پاکستان نے ون چائنا پالیسی کے تحت، تائیوان، سنکیانگ، تبت، ہانگ کانگ اور جنوبی بحیرۂ چین پر چین کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا جبکہ چین نے پاکستان کی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھرپور تعاون کا اعلان کیا،پاکستان اور چین نے خلائی تعاون میں پیشرفت اور پاکستانی خلابازوں کی چینی خلائی اسٹیشن میں متوقع شمولیت پر بھی اتفاق کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ کی طرف سے پیر کو چین۔پاکستان وزرائے خارجہ کے ساتویں اسٹرٹیجک ڈائیلاگ کے بعد جاری مشترکہ اعلامیہ کے مطابق عوامی جمہوریہ چین کے وزیرِ خارجہ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (CPC) کی مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن، وانگ یی کی دعوت پر اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار نے 3 تا 5 جنوری 2026 چین کا دورہ کیا۔ 4 جنوری 2026 کو بیجنگ میں وانگ یی اور محمد اسحاق ڈار نے چین۔پاکستان وزرائے خارجہ کے ساتویں اسٹرٹیجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کی۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ڈائیلاگ کے دوران دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات اور وسیع شعبوں میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، جن میں اسٹرٹیجک و سیاسی تعاون، دفاع و سلامتی، معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، ثقافتی روابط اور عوامی تبادلے شامل ہیں۔ باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی اور علاقائی امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ فریقین نے اسٹرٹیجک روابط کے فروغ، اسٹرٹیجک باہمی اعتماد کو گہرا کرنے، مشترکہ مفادات کے تحفظ، دونوں ممالک کی اقتصادی و سماجی ترقی کے فروغ اور خطے سمیت دنیا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ پر اتفاق کیا۔ دونوں فریقین نے 2026 میں چین اور پاکستان کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی یاد میں تقریبات کے آغاز کا اعلان کیا، جو چین۔ چین۔پاکستان تعلقات کی مضبوط اور مستحکم ترقی علاقائی امن، استحکام اور ترقی کیلئے غیرمعمولی سٹریٹجک اہمیت رکھتی ہے۔ دونوں فریقین نے اعلی سطحی روابط کو دوطرفہ تعلقات کی نمایاں خصوصیت قرار دیا۔ پاکستان نے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین کی ترقیاتی کامیابیوں کو سراہا اور 14ویں پانچ سالہ منصوبے کی کامیاب تکمیل اور آئندہ 15ویں پانچ سالہ منصوبے پر چین کو مبارکباد دی۔ چین نے پاکستان کی قیادت کو معاشی استحکام کے حصول اور قومی اقتصادی ترقی کی مضبوط بنیاد رکھنے پر مبارکباد دی، جو پاکستان کے قومی اقتصادی تبدیلی منصوبے (20292024) اڑان پاکستان کے تحت عوام کو ترقی و خوشحالی کے ثمرات پہنچانے پر مرکوز ہے۔

اہم خبریں سے مزید