• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیمرا کے 2 ارب کے ڈیمانڈ نوٹسز، نجی چینلز کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹی وی چینلز سے اشتہارات کی مد میں سالانہ آمدنی کا پانچ فیصد بطور محصول وصول کرنے کے پیمرا نوٹسز کے خلاف دائر درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ گذشتہ روز جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن اور 8نجی ٹی وی چینلز کی درخواستوں کی سماعت کی۔ درخواست گزار وکیل فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ پیمرا کے پاس کسی بھی قسم کا ٹیکس یا محصول عائد کرنے کا قانونی اختیار نہیں ، پیمرا نے گزشتہ 13 برسوں کے دوران اشتہارات کی آمدنی پر تقریباً دو ارب روپے کی رقم جمع کرانے کے لئے ٹی وی چینلز کو نوٹس جاری کئے ہیں حالانکہ چینلز کو سالوں قبل لائسنس جاری کئے گئے تھے اور اس عرصے میں کبھی بھی مجموعی اشتہاراتی آمدن کا پانچ فیصد ادا کرنے کا تقاضا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے اپنے دلائل میں مزید کہا کہ پیمرا یہ مطالبہ پیمرا رولز 2009 کے شیڈول بی کی بنیاد پر کر رہا ہے تاہم پیمرا کے پاس کسی بھی قسم کا ٹیکس یا محصول عائد کرنے کا قانونی اختیار موجود نہیں ۔ وکیل کے مطابق پیمرا پہلے ہی ٹی وی چینلز سے سالانہ لائسنس فیس الگ سے وصول کرتا ہے، اس کے باوجود اشتہاروں کی آمدنی پر اضافی پانچ فیصد چارجز غیر قانونی ہیں۔ فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے کہا کہ پیمرا کے ڈیمانڈ نوٹسز کے تحت اربوں روپے کی رقم بنتی ہے جو کسی بھی چینل کے لئے ادا کرنا ممکن نہیں۔
اہم خبریں سے مزید